مئی 16, 2021

پاکستان وائس

امریکہ کا مقبول ترین اردو اخبار

ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کردیا ، سراج الحق

لاہور ،فیصل آباد: جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق نے 12 مارچ کو فیصل آباد میں بڑا عوامی جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی سے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔ خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات ملک میں حالات کی سنگینی اور حکمرانوں سے ناامیدی اور مایوسی کے آئینہ دار ہیں ۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں کو عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے ، مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی ہے ، ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہو چکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے ۔ وہ مدرسہ اشاعت العلوم میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ قوم کو ریاست مدینہ کا خواب دکھانے والوں نے اب چائنا کے نظام کو رول ماڈل کہنا شروع کر دیا ہے ۔ پاکستان چینی، امریکی یا برطانوی نظام کے لئے نہیں ، اسلامی نظام کے لئے بنا ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہر مشکل میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہیں ،دونوں سابق حکمران پارٹیاں پی ٹی آئی حکومت کی سہولت کار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم و جبر اور استحصال کے اس نظام کو بدلنا اور اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے ، ہماری ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے ،جب تک یہ حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع ملیں تو آئین شکنی خود بخود ختم ہوجائے گی ۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ایک نئے عزم کے ساتھ قومی وقار کو بحال کرنے اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گھمبیر مسائل سے دوچار ہے ، ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اورخوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے ۔بعد ازاں سراج الحق، عظیم رندھاوا کے چچازاد بھائی اور بھتیجے کے دوران ڈکیتی قتل پر اظہارتعزیت کے لئے ان کے آبائی گاؤں ارفع کریم نگر گئے ۔

اشتہار